شین واٹسن نے کینگروز کے پاکستان ٹور کی حمایت کردی 182

شین واٹسن نے کینگروز کے پاکستان ٹور کی حمایت کردی

لاہور: شین واٹسن نے کینگروز کے دورہ پاکستان کی حمایت کردی، سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ میں یہاں خود کو دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ خیال کرتا ہوں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائیٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں شین واٹسن نے کہا کہ میرے لیے پاکستان کا دورہ ہمیشہ خوشگوار تجربہ رہا ہے،2005میں یہاں آیا تو 24سال کا تھا، اس وقت سے اب تک عوام کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی،صرف کراچی اور دیگر شہروں میں ہی نہیں بیرون ملک بھی پاکستانی شائقین بڑا پیار دیتے ہیں، اس بار بھی کراؤڈ بہت شاندار اور لوگ بڑی گرمجوشی سے روایتی مہمان نوازی کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ سیزن میں فائنل کیلیے آیا تو فیملی کو تشویش تھی،میں نے یہاں آکر اپنی آنکھوں سے انتظامات دیکھے تو سب خدشات دور ہوگئے،بچوں کے اسکول کا مسئلہ نہ ہوتا تو اس بار فیملی بھی ساتھ آتی۔
ایک سوال پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر نے کہا کہ میں پاکستان میں خود کو دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ سمجھتا ہوں،انٹرنیشنل میچز کو ترسے ہوئے کرکٹ سے بے پناہ محبت کرنے والے شائقین کھلاڑیوں کو اپنے میدانوں پر ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں،کینگروز کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے میں کوئی امر مانع نہیں ہونا چاہیے۔

اسلام علیکم اور شکریہ سمیت اردو کے چند الفاظ سیکھ لیے

شین واٹسن نے کہا کہ میں نے ابھی تک اسلام علیکم اور شکریہ سمیت اردو کے چند الفاظ سیکھے ہیں،ان 2کے سوا باقی کو گڈ مڈ بھی کردیتا ہوں، اس لیے بولنے سے گریز کرتا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں