وزیراعلیٰ سندھ کا کورونا وائرس متاثرین کے لیے اسپتال مختص کرنے کا اعلان 171

وزیراعلیٰ سندھ کا کورونا وائرس متاثرین کے لیے اسپتال مختص کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک اسپتال کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کل شام نجی اسپتال میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا، متاثرہ شخص کےاہلخانہ کو قرنطینہ میں رکھا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سےآنے والے 1500 افراد کا ڈیٹا جمع کرلیا ہے جب کہ ایران سے آنے والے لوگوں کو کہیں گے کہ اپنے گھروں میں رہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں 2 دن کے لیے اسکول بند کردیے ہیں جب کہ کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے، ماسک کی کمی پورا کرنے کے لیے ویئر ہاؤسز سے رابطہ کریں گے اور ماسک کی اصل قیمت پر فروخت کو یقینی بنائیں گے جب کہ مہنگا ماسک بیچنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک اسپتال کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے مختص کررہے ہیں، کورونا سے متعلق اسپتال میں آلات و ڈاکٹرز اسپیشل ہوں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق ایک بھی میٹنگ میں نہیں بلایا، وفاقی حکومت پارٹی بنیادوں پر نہیں بلکہ قومی معاملہ سمجھ کر سوچے تاہم اگر وفاقی حکومت کو کوئی مدد درکار ہے تو ہم مدد کے لیے تیار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں