اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 16فروری پاکستان پہنچیں گے 192

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 16فروری پاکستان پہنچیں گے

انتونیو گوتریس دورے میں صدر‘ وزیر اعظم اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کریں گے. دفتر خارجہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس16فروری کو 4روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے جہاں وہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں 40 برس مکمل ہونے سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے . دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل پاکستان میں افغان مہاجرین کی میزبانی کے 40 برس مکمل ہونے پر یک جہتی کے لیے ایک نئی شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس میں شریک ہوں گے اور کلیدی خطاب کریں گے.
بیان کے مطابق انتونیو گوتریس دورے میں صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ وہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کریں گے ‘انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی دیگر مصروفیات میں اراکین پارلیمنٹ، میڈیا اور نوجوانوں سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں اور وہ پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور امن کے موضوعات پر خصوصی گفتگو کریں گے.
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ‘سیکرٹری جنرل لاہور جائیں گے اور ناروال میںگوردوارہ کرتارپور صاحب کا دورہ کریں گے. ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دورے کے موقع پر ہماری قیادت اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو مسئلہ جموں و کشمیر کے تمام پہلووں سے آگاہ کرے گی انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انتونیو گوتریس کا یہ دورہ عالمی امن اور استحکام کے فروغ میں اقوام متحدہ کی کوششوں میں پاکستان کے تعاون کا اعتراف ہے اور خاص کر اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاک فوج کے جوانوں کی خدمات کا اعتراف ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں