بھارتی ٹیم کبڈی ورلڈ کپ 182

بھارتی ٹیم کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئی

غیرملکی ٹیموں کو بہترین سہولتیں دیںگے ،شائقین کو شاندار کبڈی دیکھنے کو ملے گی، صوبائی وزیر کھیل
پاکستان کبڈی فیڈریشن اور حکومت پنجاب کے تعاون سے منعقدہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں شرکت کے لیے بھارت اور دیگرتین ممالک کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں۔تفصیلات کے مطابق کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے جرمنی، ایران اور آذربائیجان کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں جن کا سپورٹس بورڈ پنجاب کے حکام نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا ،بھارتی ٹیم بھی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچی ہے جب کہ دیگر غیر ملکی ٹیمیں بھی ہفتے کو لاہور پہنچیں گی۔
صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں حصہ لینے والی غیرملکی ٹیموں کو بہترین سہولتیں دیں گے، کبڈی شائقین کو شاندار کبڈی دیکھنے کو ملے گی جنہیں وہ مدتوں یاد رکھیں گے، دنیا بھر کی 10 بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گی اور پرزور مقابلے ہوں گے، پنجاب کے کھیل کبڈی کو فروغ دینے میں کبڈی ورلڈ کپ سنگ میل ثابت ہوگا، کبڈی ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔
واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے 14 مقابلے پنجاب سٹیڈیم ،لاہور، 8 مقابلے اقبال سٹیڈیم ،فیصل آباد جب کہ 2 مقابلے ظہور الٰہی سٹیڈیم ،گجرات میں ہوں گے، کبڈی ورلڈ کپ 9 سے 16 فروری تک منعقد ہوگا، 9 فروری کو پنجاب سٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں