بنگلہ دیش کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار 195

بنگلہ دیش کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار

بنگلہ دیش کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار
پی سی بی کو ٹیسٹ کی بجائے ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے پر راضی کر رہے ہیں ، ٹیسٹ سیریز نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے:سی ای او نظام الدین چودھری
پاک بنگلہ دیش ہوم کرکٹ سیریز بارے بنگلہ دیش بورڈتاحال ٹیسٹ سیریز پاکستان میں نہ کھیلنے کے موقف پر جبکہ پی سی بی آئی سی سی فیوچرٹور پروگرام پر عمل درآمد کرنے کے مطالبہ پر قائم ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ کے سی ای او نظام الدین چودھری نے کہا ہے کہ پی سی بی کو ٹیسٹ کرکٹ کی بجائے ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے پر راضی کر رہے ہیں لیکن ٹیسٹ سیریز نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہے لیکن پھر بھی چند خدشات ابھی باقی ہیں۔ پاکستان میں لمبے عرصے تک قیام نہیں کر سکتے معاملے پر آئی سی سی سے بھی غیر جانبدار رائے لیں گے۔ دوسری جانب ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹیسٹ سیریز کے لئے بنگلہ دیش کو خط لکھ رکھا ہے اس حوالے سے ابھی جواب نہیں آیا۔
نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آئی تو یہ پاکستان کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

بنگلہ دیش کے پاس نہ آنے کا کوئی جواز نہیں وہ صرف بہانے بازی کر رہاہے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے مطابق انہوں نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو سخت الفاظ پر مشتمل خط ارسال کر کے ان سے پاکستان میں ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کی وجہ پوچھی ہے کیونکہ پی سی بی اپنی ہوم سیریز بیرون ملک کھیلنے میں دلچسپی نہیں رکھتا لہٰذا بنگلہ دیشی بورڈ کو پاکستان آنے سے انکار کےلئے قابل قبول وجہ بتانی ہوگی،وسیم خان کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے اور سیریز کیلئے آئی سی سی نے اپنے آفیشلز بھی پاکستان بھیجے ہیں تو بنگلہ دیش کے پاس کوئی جواز ہی نہیں ہے کہ وہ پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے سے انکار کرے کیونکہ آئی سی سی نے بھی ٹور کا سکیورٹی پلان قبول کیا ہے تاہم بی سی بی سے مذاکرات جاری رہیں گے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ نے بھارت جاتے ہوئے پاکستان میں3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور اس حوالے سے دونوں کرکٹ بورڈز کے حکام آئندہ چند روز میں تمام معاملات فائنل کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔واضح رہے کہ اپریل 2020 ءمیں جنوبی افریقی ٹیم کی بھارت کیخلاف سیریز طے ہے جس کےلئے بھارت جانے سے قبل پروٹیز ٹیم پاکستان میں 3میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کھیل سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں